بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز نیٹورک)
قاسم اسٹیڈیم سریاب روڈ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی مثبت تربیت اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں سے نہ صرف کھیلوں کی سہولیات میں مزید بہتری آ رہی ہے بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک محفوظ اور معیاری ماحول بھی میسر آ رہا ہے۔ ہر شام سینکڑوں نوجوان قاسم اسٹیڈیم میں کرکٹ، فٹبال، والی بال اور دیگر کھیلوں میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ یہ صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کو منشیات، جرائم اور دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور باہمی احترام جیسی مثبت اقدار کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ قاسم اسٹیڈیم کے قیام میں پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین، معروف قبائلی شخصیت، سابق سینئر بیوروکریٹ اور ممتاز اسپورٹس مین ڈاکٹر قاسم بلوچ کا بنیادی اور تاریخی کردار رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جن کی بدولت آج یہ اسٹیڈیم ہزاروں نوجوانوں کے لیے امید اور مثبت سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ قاسم اسٹیڈیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں مختلف اوقات میں بلوچستان کی ممتاز سیاسی، سماجی اور قومی شخصیات نے بھی آمد کی، جن میں نواب اکبر بگٹی، وحید بلوچ اور دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔ ان شخصیات کی آمد نے اس اسٹیڈیم کی تاریخی اور سماجی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔ شہری حلقوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قاسم اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں، جدید کھیلوں کی سہولیات، فلڈ لائٹس، بہتر گراؤنڈز، تماشائیوں کے لیے نشستوں اور دیگر بنیادی سہولیات میں اضافہ کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو مزید بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کھیلوں کے فروغ کے ذریعے ایک صحت مند، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکتی ہے۔


