مری (راشد مغل سے)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مری، کامران صغیر نے فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں گورنمنٹ کامرس کالج مری کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے امتحانی ہالز کا تفصیلی معائنہ کیا، امتحانی انتظامات، سیکیورٹی، صفائی، شفافیت اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی عملے سے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ امتحانات بورڈ کی ہدایات کے مطابق منظم، شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔کامران صغیر نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ تمام طلبہ کو یکساں اور منصفانہ ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے طلبہ کے لیے سازگار امتحانی ماحول کی فراہمی کو سراہا اور ادارے کی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔
کالج انتظامیہ نے معزز مہمان کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امتحانات کے کامیاب اور شفاف انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات بدستور جاری رکھے جائیں گے۔

