امریکہ کے سان فرانسسکو سے کناڈا اور الاسکا کے سفر پر روانہ ہونے والے ایک لگژری کروز جہاز میں ’نورو وائرس‘ کا بڑا پھیلاؤ سامنے آیا ہے۔ اس وائرس سے 125 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں 102 مسافر اور 23 عملہ کے اہلکار ہیں۔ یہ جانکاری ملنے کے بعد صحت سے متعلق ایجنسیاں مستعد ہو گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سان فرانسسکو سے روانہ ہو کر کناڈا اور الاسکا کے 20 روزہ سفر پر نکلنے والے ’روبی پرنسز کروز‘ میں نورو وائرس انفیکشن پھیلنے سے 125 افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ امریکہ کے سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے مطابق متاثرہ افراد میں 102 مسافر اور عملہ کے 23 اراکین شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد جہاز کے سان فرانسسکو واپس پہنچتے ہی خصوصی صفائی اور انفیکشن پر قابو پانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے۔ معاملہ اس لیے بھی سنگین سمجھا جا رہا ہے کیونکہ نورو وائرس بند جگہوں اور گنجان ماحول میں بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔

