ملتان، مہر آصف بیورو چیف
ملتان کے نشتر روڈ اور ملحقہ علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے جہاں سڑکوں کی خستہ حالی، نکاسی آب کے ناقص نظام اور مسلسل پانی جمع ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق کئی گھروں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو گئی ہے اور واٹر سپلائی لائنوں میں سیوریج کے گندے پانی کی آمیزش کے باعث گھروں تک آلودہ اور گٹروں کا پانی پہنچ رہا ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور صحت عامہ کے بڑے خطرات جنم لے رہے ہیں۔دوسری جانب نشتر روڈ پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث ٹریفک کی روانی مکمل طور پر متاثر ہے۔ ایمبولینسز اور مریضوں کو نشتر ہسپتال پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے ہنگامی حالات میں خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال بہتر بنانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔اسی تناظر میں مبینہ 46 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزامات نے بھی عوامی سطح پر سوالات کو جنم دیا ہے کہ آخر بنیادی سہولیات کی یہ بدترین حالت کیوں برقرار ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے نظام کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید صحت و انتظامی بحران سے بچا جا سکے۔

