نواب شاہ رپورٹ: (نفیس آرائیں)
نواب شاہ میں پولیس کی مبینہ غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں تعلقہ تھانے کی حدود میں ناکے کے قریب مسلح ڈاکو شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔متاثرہ شہری زیارت گل اور ارباز خان کے مطابق ڈاکوؤں نے ان سے نئی 125 موٹر سائیکل، 60 ہزار روپے نقدی اور دو قیمتی موبائل فون چھین لیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت پولیس اہلکار قریب موجود تھے، تاہم مدد کی پکار کے باوجود اہلکاروں نے یہ کہہ کر تعاقب سے انکار کیا کہ یہ ہماری حدود نہیں۔متاثرین کے مطابق پولیس کی موجودگی کے باوجود ڈاکو دیدہ دلیری سے واردات کرکے فرار ہوگئے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جیو فینسنگ کی بنیاد پر واقعے کی تحقیقات کرکے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور لوٹا گیا سامان واپس دلایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کیا جائے گا۔

