ہنگورجہ (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں مختلف امام بارگاہوں میں مجالس، ماتمی پروگراموں، سبیلوں اور نیاز کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔شہر کی امام بارگاہ حسینیان، امام بارگاہ حضرت بی بی زینبؑ، مرکزی امام بارگاہ بڑا علم سمیت دیگر مختلف امام بارگاہوں میں روزانہ مجالسِ عزا، ذکرِ مصائب، نوحہ خوانی اور نیاز کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں بڑی تعداد میں عزادار شرکت کرکے حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔مجالس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے معروف عالمِ دین مولانا منظور حسین سولنگی، سید علی منظر جعفری (کراچی)، علامہ سائیں بخش مناظری، سائیں صوبل شاہ سید، ذاکر حسین شاہ اور دیگر علماء و ذاکرین نے واقعۂ کربلا کے فلسفے، حضرت امام حسینؑ کی قربانیوں، حق و باطل کی جنگ اور اسلامی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔دوسری جانب مختلف امام بارگاہوں اور راستوں پر عزاداروں اور عام شہریوں کے لیے ٹھنڈے پانی، شربت اور دیگر اشیاء کی سبیلیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ نیاز کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عزادار پُرامن ماحول میں اپنی مذہبی رسومات اور عبادات ادا کر سکیں۔شہریوں نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو امن، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

