نواب شاہ (نفیس آرائیں)
قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کے قاضی قوی سینیٹ ہال میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27کے لیے 3 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ 97 ہزار روپے کا سالانہ بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر فنانس زاہد کریم شر کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ میں 1 کروڑ 70 لاکھ 40 ہزار روپے خسارہ ظاہر کیا گیا۔ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 1 ارب 74 کروڑ 29 لاکھ 60 ہزار روپے، پنشن کے لیے 38 کروڑ 17 لاکھ 83 ہزار روپے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 9 کروڑ 40 لاکھ 63 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔اسی طرح طلبہ کی اسکالرشپس کے لیے 2 کروڑ 88 لاکھ 39 ہزار روپے اور تحقیقی منصوبوں کے لیے 4 کروڑ 47 لاکھ 17 ہزار روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ دفتری اخراجات، یوٹیلٹی بلز، پیٹرول، مرمت اور دیگر انتظامی امور کے لیے 45 کروڑ 54 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس میں مالی سال 2025-26 کا نظرِ ثانی شدہ بجٹ بھی منظور کیا گیا، جس کا حجم 2 ارب 76 کروڑ 62 لاکھ 53 ہزار روپے رہا اور اس میں 51 لاکھ 70 ہزار روپے کی بچت ظاہر کی گئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے سندھ حکومت، وزیرِ اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی امور میں ہمیشہ بھرپور معاونت فراہم کی گئی ہے۔ جبکہ ڈائریکٹر فنانس زاہد کریم شر نے بتایا کہ اخراجات میں کفایت شعاری کے باعث گزشتہ مالی سال میں قابلِ ذکر بچت حاصل کی گئی۔

