اسلام آباد/مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے لیے اپنے انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی صدر نواز شریف کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
پارٹی اعلامیے کے مطابق، یہ فہرست پارلیمانی بورڈ کی تفصیلی سفارشات اور حلقوں کی زمینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے مجموعی طور پر 37 حلقوں کے لیے اپنے نمائندوں کا اعلان کیا ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق راجہ محمد فاروق حیدر خان کو چکار سے انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔
چوہدری محمد سعید میرپور سٹی اور چوہدری طارق فاروق بھمبر سٹی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔
شاہ غلام قادر کو اپر اور لوئر نیلم سے، جبکہ سید افتخار علی گیلانی مظفرآباد سٹی سے پارٹی کے امیدوار مقرر کیے گئے ہیں۔
کوٹلی سے فتح محمود الحسن، راولاکوٹ سٹی سے طاہر انور خان، پلندری سے محمد نجیب خان اور ہٹیاں دوپٹہ سے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
پارٹی نے خواتین اور مختلف علاقوں کی نمائندگی کو یقینی بناتے ہوئے جموں 4 سے مریم جاوید، جموں 5 سے ذیشان علی، جموں 6 سے راجہ محمد صدیق، ویلی 3 سے سید شوکت علی شاہ اور ویلی 5 سے محمد احمد رضا قادری کو پارٹی کا پرچم تھمایا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے امیدواروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انتخابی مہم کو متحرک انداز میں چلائیں تاکہ پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی جا سکے۔ اس اعلان کے بعد آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست میں گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے اور سیاسی مبصرین اسے ایک سخت مقابلے کی شروعات قرار دے رہے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 : ن لیگ کے انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

