شہدادپور (رپورٹ: عمران قمر )
اسسٹنٹ ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہدادپور، خدا بخش جتوئی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی تمام مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے قریبی دفتر سے بینظیر موبائل سم حاصل کر لیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہدادپور، خدا بخش جتوئی نے بتایا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن برائے ڈیجیٹل معیشت کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی آئندہ سہ ماہی قسط مستحق خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ہر مستحق خاتون کے پاس بینظیر موبائل سم کا ہونا ضروری ہے۔ خدا بخش جتوئی کے مطابق جن خواتین کے پاس بینظیر موبائل سم موجود نہیں ہوگی، انہیں آئندہ قسط کی ادائیگی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، لہٰذا تمام مستحق خواتین مقررہ مدت کے اندر اپنی سم حاصل کرنا یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بینظیر موبائل سم کی تقسیم کی آخری تاریخ 15 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔
۔

