مورو(رپورٹ محمد اسلم مغل)
مورو کے قریب شاہ پور جہانیاں میں مخدوم غلام محمد اکیڈمی کی جانب سے سندھ کے نامور عالم، مفسر، مفکر، شاعر اور صوفی بزرگ حضرت مخدوم قاضی غلام محمد گچیرائی کی 302 ویں برسی کی تقریب ان کے مزار پر منعقد کی گئی۔اس تقریب کی صدارت سندھ کے معروف تاریخدان، ادیب، دانشور اور مصنف رسول بخش بگھیو گچیرائی نے کی۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے رسول بخش بگھیو گچیرائی نے کہا کہمخدوم قاضی غلام محمد گچیرائی مولود، معاقبہ، مدح کلمات، معراج نامہ، وفات نامہ اور بیت کے بڑے شاعر تھے اور مرثیہ کے بھی موجد ہیں۔ مخدوم قاضی غلام محمد گچیرائی کی پیدائش 1078 ہجری میں مخدوم محمد پریل قریشی کے گھر ہوئی۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کرنے کے بعد مزید تعلیم ٹھٹہ میں مخدوم ابوالحسن ٹھٹویؒ سے حاصل کی۔ اس کے بعد اپنے گاؤں میں دینی درسگاہ قائم کی، جہاں سے بڑی تعداد میں عالم اور حافظ پیدا ہوئے جنہوں نے سندھ کے مختلف علاقوں میں جا کر ان کے فلسفے کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے سندھی زبان کے لیے بھی بڑا کام کیا۔ اس وقت کے حکمرانوں نے 16 ذوالحج 1145 ہجری کو گچیرو پرانا پٹن پر انہیں شہید کرا دیا۔ اس تقریب میں غلام شبیر سولنگی، رضا لانگاہ، اسلم لغاری، ہدایت اللہ بگھیو، اظہار مخدوم، اختر علی لغاری، ریاض حسین عالمانی، ظفر اللہ بگھیو، اسد اللہ بگھیو، رضوان بگھیو اور دیگر نے شرکت کی۔

