اسلام آباد :پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں توجہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات پر مرکوز رہی جبکہ دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے سعودی سفیر کی ملاقات۔۔خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔۔دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ۔۔پاکستان اور سعودی عرب کا تمام شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ۔۔سعودی سفیر کی خطے… pic.twitter.com/mKR78A1TkL
— PTV News (@PTVNewsOfficial) May 18, 2026
اس موقع پر وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران خطے میں ہونے والی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے دوسرے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے خطے کے امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارتی روابط انتہائی اہم ہیں۔
قطری وزیرِ مملکت محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور جاری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

