نوابشاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم، توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی)، ڈسٹرکٹ سرویلنس سسٹم اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت سرگرمیوں، حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم، پولیو کے مقررہ اہداف، بچوں تک رسائی اور فیلڈ عملے کی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعلقہ نوابشاہ کی 6 یونین کونسلز میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم 18 مئی سے شروع کی جائے گی۔ مہم کے دوران گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی گئی ہے، جبکہ روٹین امیونائزیشن پروگرام کے تحت بچوں اور حاملہ خواتین کو مختلف موذی امراض سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں مزید آگاہ کیا گیا کہ شہری و دیہی علاقوں میں صحت کی ٹیمیں متحرک انداز میں فرائض انجام دے رہی ہیں اور رہ جانے والے بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اختیار کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں کا خاتمہ مربوط اور مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے فرض شناسی اور دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق ہر بچے تک حفاظتی ٹیکوں کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت جاری کی کہ نوابشاہ کی 6 ڈرینیج یونین کونسلز میں پولیو مہم کے دوران مقررہ اہداف کے مطابق تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں، جبکہ والدین میں شعور و آگہی اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کمیونٹی سطح پر صحت عامہ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اس لیے ان کی حاضری، کارکردگی اور فیلڈ وزٹس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سرویلنس سسٹم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے دوران مختلف بیماریوں کی رپورٹنگ، ڈیٹا کلیکشن، مشتبہ کیسز کی بروقت نشاندہی اور فوری طبی اقدامات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام پروگراموں کا ریکارڈ اور ڈیٹا بروقت اور درست انداز میں اپڈیٹ کیا جائے تاکہ صحت سے متعلق حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین، ڈی ایس پی صدر اختر سموں، ڈسٹرکٹ منیجر اقصیٰ جمالی سمیت محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، پی پی ایچ آئی، صحت، پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد کی زیر صدارت پولیو، ای پی آئی اور ڈسٹرکٹ سرویلنس پروگراموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

