نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)نواحی علاقے شاہ محمد کچھی میں گزشتہ شب ایک افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شادی شدہ خاتون ثمینہ کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔مقتولہ کے والد محمد رفیق کچھی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو اس کے شوہر اور دیگر سسرالی افراد نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ثمینہ کو عرصہ دراز سے گھریلو تنازعات کا سامنا تھا اور اسے مسلسل ذہنی اذیت دی جا رہی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکرنڈ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر شوکت کچھی کو حراست میں لے لیا، جبکہ دیگر نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے جمع ہو گئی۔
سکرنڈ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد و پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

