شیخوپورہ(رپورٹ اسامہ طفیل)

چیف سپورٹس آفیسر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ و آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل کی زیر نگرانی سالانہ انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس مقابلے شیخوپورہ میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے، جن میں ہاکی اور رسہ کشی کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ مقابلوں میں شرکت کیلئے ضلع پولیس شیخوپورہ، سپیشل برانچ شیخوپورہ، آر ایم پی شیخوپورہ ریجن اور ٹریفک پولیس شیخوپورہ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔مقابلوں کے آغاز سے قبل ایس پی آپریشنز نواز سیال اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر طارق ڈوگر نے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور انہیں نیک تمناں کے ساتھ میدان میں اتارا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھرپور جذبے اور کھیل کے بہترین مظاہرے سے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ہاکی اور رسہ کشی کے مقابلوں میں ضلع پولیس شیخوپورہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی جبکہ آر ایم پی شیخوپورہ ریجن نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ کامیابی کے بعد فاتح ٹیموں نے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔بعدازاں ایس پی آپریشنز نواز سیال اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر طارق ڈوگر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی جانب سے فاتح ٹیموں کو مبارکباد اور شاباش دی گئی۔ڈی پی او شیخوپورہ نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شیخوپورہ پولیس کی جانب سے کھیلوں کے مثبت رجحان کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے ایسے سپورٹس ایونٹس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

