شیخوپورہ(رپورٹ اسامہ طفیل )
تحصیل فیروزوالہ کے علاقہ ملک پارک میں قائم جوتے بنانے والی فیکٹری میں اچانک دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے اور آگ لگنے کے باعث کم از کم پانچ مزدور جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ تین مزدور عمارت کی دوسری منزل پر پھنس گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے کے بعد فیکٹری میں موجود ربڑ، کیمیکل، چمڑا اور پلاسٹک شاپرز نے آگ کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی سات گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جان بچانے کیلئے دوسری منزل پر پھنسے ایک مزدور نے عمارت سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجہ میں اس کے پاں کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ زخمی مزدور سمیت دیگر جھلسنے والے افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


