نیویارک: عالمی میڈیا کی تاریخ کا سب سے بڑا اور متنازع ترین انضمام اپنی منزل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ وارنر برادرز ڈسکوری (WBD) کے شیئر ہولڈرز نے بھاری اکثریت سے پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے ساتھ الحاق کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب سی این این (CNN)، ایچ بی او (HBO) اور وارنر کے دیگر تمام برانڈز پیراماؤنٹ کا حصہ بن جائیں گے۔
صرف ایک سال قبل وارنر برادرز کے شیئر کی قیمت محض 8 ڈالر تھی، لیکن پیراماؤنٹ کی جانب سے 31 ڈالر فی شیئر کی پرکشش پیشکش نے سرمایہ کاروں کو اس ڈیل کے حق میں ووٹ دینے پر مجبور کر دیا۔ اس ڈیل کے نتیجے میں ایک ایسا میڈیا جائنٹ (Giant) وجود میں آئے گا جو نیٹ فلکس اور ڈزنی جیسی کمپنیوں کو ٹکر دے سکے گا۔
جہاں شیئر ہولڈرز نے انضمام کی منظوری دی، وہیں انہوں نے سبکدوش ہونے والے سی ای او ڈیوڈ زاسلاو کے لیے مجوزہ مراعاتی پیکیج کو مسترد کر دیا۔
تاریخی رقم: زاسلاو کو رخصتی پر تقریباً 886 ملین ڈالر (تقریباً 88 کروڑ ڈالر) دینے کی تجویز تھی، جسے امریکہ کی تاریخ کے مہنگے ترین رخصتی پیکیجز میں سے ایک قرار دیا جا رہا تھا۔اس ڈیل نے امریکہ میں شدید سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پیراماؤنٹ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، جس کی وجہ سے ڈیموکریٹک رہنما اس انضمام کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے اسے ایک ’اینٹی ٹرسٹ ڈیزاسٹر‘ (Antitrust Disaster) قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستوں کے اٹارنی جنرلز اس ڈیل کو روکیں۔ معروف کامیڈین اسٹیفن کولبرٹ نے بھی اپنے شو میں اس ڈیل پر کڑی تنقید کی ہے اور سینیٹر وارن کو خصوصی طور پر اس موضوع پر گفتگو کے لیے مدعو کیا ہے۔
پیراماؤنٹ کے سی ای او ڈیوڈ ایلیسن کا ارادہ ہے کہایچ بی او میکس (HBO Max) اور پیراماؤنٹ پلس (+) کو ملا کر ایک بہت بڑا اسٹریمنگ پلیٹ فارم بنایا جائے۔مستقبل میں سی این این (CNN) اور سی بی ایس نیوز (CBS News) کو یکجا کرنے کی منصوبہ بندی بھی زیرِ غور ہے۔
اگرچہ شیئر ہولڈرز نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے، لیکن اب اس ڈیل کو امریکہ اور یورپ کے ریگولیٹری اداروں سے منظوری لینا ہوگی۔ پیراماؤنٹ کو امید ہے کہ ستمبر کے آخر تک تمام قانونی مراحل مکمل کر لیے جائیں گے۔

