لاہور:پنجاب حکومت نے مری میں پاکستان کا پہلا سکائی گلاس برج بنانے اور لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ن لیگ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت مری ڈیولپمنٹ اور بحالی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، سیاحت، انفرا سٹرکچر اور ریلیف اقدامات پر بڑے فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں سکائی گلاس برج پراجیکٹ کی منظوری دیدی گئی، سیاحت کے فروغ کیلئے پنجاب کا پہلا سکائی گلاس برج بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کو ریلیف اور سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔ نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفکٹ کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی، چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل جھیکا گلی میں لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کی بحالی کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی اور مری میں 3 نئے ہاسپٹیلٹی زون قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
محمد نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس ،مری میں پہلا سکائی گلاس برج بنانے کی منظوری

