چشمہ : (رپورٹ ملک سمیع اللہ )
آئی جی پنجاب عبدالکریم میانوالی پہنچ گئے جہاں انہوں نے پنجاب-خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع بین الصوبائی ریموٹ سرچ پارک چشمہ کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان، ڈی پی او میانوالی وقار عظیم سمیت دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او میانوالی نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی امور پر بریفنگ دی جبکہ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی نے سرحدی داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات، نفری، اسلحہ و ایمونیشن، مورچوں اور تھرمل کیمروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے داجل چیک پوسٹ خودکش حملے کے تناظر میں خیبر پختونخوا سے آنے والی ٹریفک کی سخت چیکنگ کی ہدایت بھی جاری کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مشکل حالات کے باوجود فرائض کی بہترین ادائیگی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فورس ہمہ وقت الرٹ رہے جبکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔


