اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کو طبی بنیادوں پر سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی نئی درخواست دائر کردی گئی۔ بیرسٹرسلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے درخواست دائر کی،190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی جلد سماعت کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئیں ہیں۔
درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی آنکھ کی ایک سنگین بیماری میں مبتلا ہیں،آنکھ کی بیماری کی تشخیص پمز کے ڈاکٹرمحمد عارف نےکی تھی،ڈاکڑ نے قرار دیا کہ دائیں آنکھ خون کے لوتھڑے کے باعث شدید متاثرہوچکی۔
درخواست میں کہا گیا کہ بیماری کے نتیجےمیں دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے،جیل میں علاج ممکن نہیں،بانی کی عمر 73 سال ہے،ضمانت پر رہا کیا جائے۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ماہر ڈاکٹروں سے معائنے اور ان کی بیٹوں سے بات کروانے کا حکم دے دیا تھا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ ’ہم اس پر مناسب آرڈر کریں گے، رپورٹ میں پیش کی گئی دیگر سفارشات کو خود دیکھیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک معاملہ زیر التوا رکھیں گے، عمران خان کی صحت کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر رہے ہیں، سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملے پر بھی مناسب فیصلہ دیں گے، صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے، اس معاملے پر مداخلت کی ضرورت ہے، صحت کے معاملے پر حکومت کا مؤقف جاننا چاہتے ہیں‘۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل نے کہا کہ ’صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر قیدی مطمئن نہیں تو ریاست اقدامات کرے گی‘، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ’بچوں سے ٹیلی فون کالز کا ایشو بھی اہم ہے، ہم حکومت پر اعتماد کررہے ہیں، آج حکومت اچھے موڈ میں ہے جب کہ بیرسٹر سلمان صفدر نے بخوبی ذمہ داری نبھائی، فرینڈ آف دی کورٹ کے کردار کو سراہتے ہیں، حکومت کو بھی بہترین سہولیات فراہمی پر سراہتے ہیں

