لاہور:بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدالتی نظام دفن ہو چکا ہے، عمران خان کی آنکھ کا چھپ کر علاج کروانا قبول نہیں۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدالتی نظام دفن ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں عمران خان سے متعلق تفصیلات اس وقت ملیں جب سلمان صفدر کو سپریم کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بتایا کہ انہیں 3 ماہ سے دھندلا نظر آ رہا تھا تاہم صحت کے حساب سے وہ فٹ ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ آنکھ کی شکایت پر آئی ڈراپ دی گئی جب کہ ملاقات کے دوران عمران خان کی آنکھ سے پانی نکل رہا تھا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آنکھ کا علاج نہ کرنے پر غفور انجم جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹر مجرم ہیں۔ اگر کل بھوشن ہوتا تو پورے پاکستان کی میڈیکل ٹیم پہنچ جاتی۔ عمران خان کا جرم یہ ہے کہ وہ عوام کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کمینہ نہیں ہونا چاہیے ۔ پیٹھ پر چھرا مارنے والا ہیرو نہیں ہو سکتا۔ چیف جسٹس نے علاج کے لیے کوئی حکم نہیں لکھا۔

