اسلام آباد : ملک بھر کے کئی علاقوں میں آج سے مزید بارش کی پیش گوئی سامنے آئی ہے جبکہ پہاڑی مقامات پر برفباری ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات سے بلوچستان کو متاثر کرنا شروع کر دے گا جبکہ کل سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
اس کے بعد اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے علاوہ پنجاب کے چند مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے۔
حیبر پختونخوا، بلوچستان گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی مقامات پر مزید برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کا کا کہنا ہے کہ آج سے 27 جنوری تک مغربی ہوائیں صوبے کے موسم میں شدت لا سکتی ہیں۔
ادارے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیر، چترال، شانگلہ، سوات اور کوہستان میں برفباری کا امکان ہے جبکہ ہری پوری، پشاور، مردان، کوہاٹ اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں بالائی علاقوں کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کاغان، ناران، چترال اور کالام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہاں سڑکوں پر پھسلن ہونے کے علاوہ برفانی تودے گرنے کے بھی خدشات ہیں۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی مشینری اور عملے کو تیار رکھے۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قلات، ژوب، نوشکی، خاران اور قلات میں بھی آج اور کل بارش ہو سکتی ہے جبکہ کوئٹہ، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ اور پشین میں کل اور منگل کو برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے جن شہروں میں بارش کا امکان طاہر کیا ہے ان میں لاہور اور اس کے ملحقہ علاقوں کے علاوہ ملتان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب قدرتی آفات پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں سے کہا کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نکلنے سے قبل موسم کی صورت حال کا جائزہ ضرور لیں۔
لاہور سمیت ملک بھر کے کئی علاقوں میں بارش، برفباری، لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ ،بالائی علاقوں کی طرف جانےپر پابندی

