اسلام آباد :ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر نے نظامِ زندگی کو جکڑ لیا ہے۔ برفانی ہواؤں اور مسلسل برفباری کے باعث درجہ حرارت خطرناک حد تک گر گیا ہے۔ سکردو میں پارہ منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جہاں سردی کی شدت نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے بالائی خطوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ استور، بابو سر ٹاپ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف پڑنے کا عمل جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں اور آمدورفت معطل ہونے سے مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قلات اور استور میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میدانی علاقوں میں بھی سردی کا زور برقرار ہے، اسلام آباد میں درجہ حرارت 2 ڈگری جبکہ کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری متوقع ہے، جس سے سرد موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور سردی بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند بدستور چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ کم اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر دی ہے، کیونکہ آئندہ دنوں میں سردی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

