لاہور:معروف اینکر اور ’سرِعام فلاحی گروپ‘ کے سربراہ اقرار الحسن نے ایک نئی یوتھ سینٹرڈ عوامی تحریک اور سیاسی جماعت ’پاکستان عوام راج تحریک‘ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے پرچم بھی عوام کے سامنے پیش کیا گیا اور ابتدائی رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان بھی آگاہ کیا گیا۔
لاہور پریس کلب میں اس حوالے سے جمعرات کو منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں اقرار الحسن نے کہا کہ ان کی جماعت کا بنیادی مقصد پاکستان کے سیاسی نظام میں حقیقی اور عملی تبدیلی لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں برسوں سے رائج خاندانی اور روایتی سیاست نے نظام کو کمزور کیا ہے، اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاست کو افراد کے بجائے مضبوط اداروں اور شفاف جمہوری عمل سے جوڑا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام راج پارٹی کسی ایک فرد یا خاندان کی ملکیت نہیں ہو گی بلکہ اس کے اصل مالک پاکستان کے عام شہری ہوں گے۔
اقرار الحسن نے اپنے خطاب میں یہ عہد بھی کیا تھا کہ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو حاضر و ناظر جان کر کسی بھی سیاسی، حکومتی یا سرکاری عہدے کے حصول کی خواہش نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے کہا ’اور میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو حاضر و ناظر جان کر یہ عہد کرتا ہوں کہ میں کوئی سیاسی، حکومتی یا سرکاری عہدہ نہیں لوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ آپ میں سے جتنے لوگ چاہیں، میں انہیں قائل کرنے کے لیے تیار ہوں کہ اس تحریک کے نتیجے میں میں کسی بھی سیاسی جماعت سے، اس جماعت سمیت کوئی فائدہ نہیں اٹھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں کبھی کوئی سیاسی، سرکاری یا حکومتی عہدہ نہیں لوں گا۔ نہ ہی میں اس عہدے کی توقع رکھوں گا۔ اور نہ ہی کسی کے اصرار پر اسے قبول کروں گا۔ کیونکہ مجھے فکری کام کرنا ہے۔
اقرار الحسن سید نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم نے فوجی راج دیکھا، بھٹو راج، خان راج اور گورنر راج دیکھا، لیکن اب اس ملک میں “عوام راج” ہو گا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ایک جمہوری جماعت کے قیام کی تحریک کو ہم “پاکستان عوام راج تحریک” کا نام دے رہے ہیں۔ دُعا ہے کہ اللہ اس تحریک کو پاکستان کے حق میں بہتر کرے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے نعرہ لکھا: ’اب راج کرے گی خلقِ خدا‘۔
معروف اینکر اقرار الحسن نے اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کردیا، پرچم کی رونمائی

