لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے طرزِ حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک کامیاب ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں رائج گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت اب ایک مثال بن چکی ہے، جس کی وجہ سے دیگر صوبے بھی اب مریم نواز کے انتظامی وژن سے سیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت تمام سرکاری اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر میں ٹیکنالوجی کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو تیز رفتار اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا مقصد پنجاب کو ٹیکنالوجی کی دوڑ میں عالمی سطح پر کھڑا کرنا ہے۔
زراعت اور ٹرانسپورٹ میں انقلابی پیش رفت
وزیر اطلاعات نے زراعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس پر صرف زبانی جمع خرچ کیا گیا، لیکن پہلی بار مریم نواز نے زرعی شعبے میں حقیقی معنوں میں جدت متعارف کروائی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب آج تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں باقی تمام صوبوں سے آگے نکل چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے سیاسی حریفوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سیاسی شعبدہ بازی اور منفی سیاست کے عادی ہیں، ان کا ترقی اور خوشحالی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ مخالفین پنجاب سے سیاسی الزامات کے بجائے ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے میدان میں مقابلہ کریں۔
’مریم نواز ماڈل‘ ملک بھر کے لیے رول ماڈل قرار: عظمیٰ بخاری کا مخالفین کو ترقی کی دوڑ میں مقابلے کا چیلنج

