اسلام آباد : جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے آج ہونے والے اجلاسوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کی مستقل تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جج جسٹس نجم الدین مینگل کی بطور مستقل جج تقرری کی توثیق کردی گئی جب کہ جسٹس ایوب خان کی توثیق کی سفارش اکثریتی رائے سے مسترد کردی گئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئینی بینچز کے لیے ججز کی نامزدگی کے معیار پر غور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمیٹی ججز کی تقرری، انٹرویوز، طریقہ کار اور رولز میں ترامیم کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی۔

