لاہور:پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اسپرنگ فیسٹیول گالا کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Zhao Shiren) سمیت سفارتی، کاروباری اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان نے 1950 میں عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کر کے ایک تاریخی اور دوراندیش فیصلہ کیا، جس کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں، جن کے تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاک چین تعلقات پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہرے ہیں، جو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو پاک چین شراکت داری کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ملک محمد احمد خاں نے دفاعی تعاون کو پاک چین باہمی اعتماد کی روشن مثال قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں تعاون مستقبل میں نئی راہیں کھول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری صوبے کی مجموعی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی آنے والی نسلوں کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

