اسلام آباد :راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں را ت گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلے کے جھٹکے گلگت، سکردو، مری، گلیات، ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں بھی محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ سوات، شانگلہ، بونیر اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس پر لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 159 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز تاجکستان اور زنجیانگ کے سرحدی علاقے میں واقع تھا۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

