لاہور: (خصوصی رپورٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ سیف سٹی کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں جنوری 2025 کی نسبت دسمبر 2025 کے دوران سنگین جرائم سے متعلق کالز میں 45 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، جدید کیمرا انفراسٹرکچر، بروقت رسپانس اور مربوط نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب سیف سٹی کے مطابق سال 2025 کے دوران ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 38 لاکھ کالز موصول ہوئیں، جن میں 28 لاکھ 49 ہزار کالز مختلف کیسز سے متعلق جبکہ 14 لاکھ 87 ہزار شہریوں کی رہنمائی کے لیے کنسلٹ کالز تھیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہیلپ لائن 15 پر 86 لاکھ ہوکس کالز بھی موصول ہوئیں، جو ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہوکس کالز کرنے سے قطعی گریز کریں کیونکہ ایک غیر ضروری کال کسی ضرورت مند شہری کی جان خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ صرف ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 استعمال کی جائے اور شہری ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محفوظ پنجاب کے خواب کی تکمیل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور عوام کے بھرپور تعاون سے اس مشن کو مزید کامیاب اور پایۂ تکمیل تک پہچانے کی جانب گامزن ہے۔

