واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اگلے سال بھارت کا دورہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا قریبی دوست اور ایک عظیم شخصیت قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس میں جمعرات کو منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران جب ٹرمپ سے بھارت کے ساتھ تعلقات پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا، ’ہم اکثر بات کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ میں ہندوستان آؤں۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور میں یقیناً آؤں گا۔ وزیراعظم نریندر مودی ایک عظیم انسان ہیں۔‘ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بات چیت تسلی بخش مرحلے میں ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ دورہ اگلے سال ممکن ہے؟ اس پر ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’ہاں، ایسا ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے اپنی سابقہ دورۂ ہند کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’2020 میں وزیراعظم کے ساتھ میری بہت شاندار ملاقات اور یادگار سفر رہا۔ ہندوستانی عوام کا جوش و جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔‘‘

