عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ سعودی عوام کو قومی دن کی خوشیاں مبارک ہوں، یہ دن اتحاد، فخر اور جشن کا دن ہے جسے اپنے پیاروں کے ساتھ منائیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اس وقت سعودی کلب النصر کے ساتھ منسلک ہیں اور سعودی فٹبال کے بڑے اسٹارز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کے اس پیغام کو مداحوں نے بھرپور پذیرائی دی اور سوشل میڈیا پر سعودی عوام نے رونالڈو کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی عرب آج اپنا 95واں قومی دن منا رہا ہے یوم الوطنی کے موقع پر سعودی عرب کے دارلخلافہ ریاض سمیت دیگر بڑے شہروں میں پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔
یہ دن 1932ء میں شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے مملکتِ سعودی عرب کے قیام کی مناسبت سے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے اِس دن مختلف روایتی تہواروں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، مملکت کو سبز اور سفید سعودی غباروں سے سجایا جاتا ہے۔

