رحیم یارخان (وقاص جمیل ملک )
قانون نافذ کرنے والے اداروں کچہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سی پیک سے اغواء کیے گئے 11 شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ اس اہم آپریشن میں پولیس کو پریمئر انٹیلی جنس ایجنسی کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ مغویوں کی بازیابی پر عوامی و سماجی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ متاثرہ خاندانوں نے پریمئر انٹیلی جنس ایجنسی اور پولیس کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل رات گئے کچہ کے بدنام زمانہ ڈاکوؤں اور اغواء کاروں تنویر اندھڑ گروہ نے سی پیک پر اچانک حملہ کیا۔ اس دوران گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے بعد 11 افراد کو اغواء کرکے اندرون سندھ کچہ کے گھنے جنگلات میں لے جایا گیا۔
واقعے کے بعد آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید کی نگرانی نیں ڈی پی او رحیم یارخان عرفان علی سموں نے اپنی ٹیمز کے ہمراہ کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے ڈاکو گروہ کے خلاف گھیرا تنگ رکھا اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ان پر دباؤ بڑھایا۔ اسی دوران پریمئر انٹیلی جنس ایجنسی کی معاونت سے گزشتہ رات ایک اہم اور فیصلہ کن آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران پولیس ٹیمز نے کچے کے علاقے میں اغواء کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور نہایت مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 11 مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیاب ہونے والے شہریوں کو پولیس کی محفوظ تحویل میں لے کر رحیم یارخان منتقل کیا گیا جہاں انہیں ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔ بازیاب افراد کے ورثاء نے بھی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ڈی پی او سمیت پوری ٹیم کی انتھک محنت اور بہادری کو سراہا۔


