سرگودھا : (حافظ نعیم ) وہ جو اڈیالہ میں بیٹھا روز پوسٹیں کررہا ہوتا ہے اسے نہیں معلوم کہ باہر دنیا بدل چکی ہے، وہ خود ایک قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ اسے نہیں پتہ پاکستان ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز۔
سرگودھا میں ماحول دوست الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام ترقی کے نئے سفر کا آغاز کرچکے، باتیں ہوتی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، اب نواز شریف کا دور آیا تو روز ایک خوشخبری آتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج خبر آتی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیے، دنیا کے ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا جہاز جب سعودی فضا میں داخل ہوا تو سعودی جہازوں نے سلامی دی۔انہوں نے کہا کہ جنگی جہازوں کی سلامی ہمارے ملک ہمارے پاکستان کی عزت ہے، ایک وزیراعظم ہوا کرتا تھا جسے الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتارا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ بہت بڑا کارنامہ ہے، شہباز شریف کو سعودی دھرتی پر وہ عزت ملی کہ دنیا دیکھتی رہ گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف پاکستان کو ملا ہے، کبھی دیکھی اتنی بڑی سفارتی کامیابی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرگودھا والو! آپ کو الیکٹرک بس کا تحفہ بہت مبارک ہو، آج سرگودھا کے لیے 33 بسوں کا تحفہ لائی ہوں، سرگودھا شہر کے لیے 60 بسیں رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کو 105 بسوں کا تحفہ دیں گے، سرگودھا شاہینوں کا شہر ہے، شاہینوں کے ساتھ ساتھ سرگودھا شیروں کا شہر ہے، شاہینوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے سرگودھا کو ایسے پروجیکٹس دیے جس سے اس کی قسمت بدل گئی۔ سرگودھا کو جب سے موٹروے سے جوڑا گیا اس روز سے سرگودھا کی شکل بدلنی شروع ہوئی، حیرانی ہوئی کہ پورے سرگودھا ڈویژن میں دل کے امراض کا کوئی اسپتال نہیں، میں نے اسی روز فیصلہ کیا اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی پر کام شروع کرانے کا فیصلہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب میں جن کے گھر گرے انہیں 10 لاکھ روپے ملیں گے، 2 ہفتوں کے اندر اندر سیلاب متاثرین کو چیک ملنا شروع ہو جائیں گے، آج روٹی 10 اور 15 روپے میں دستیاب ہے، پوری کوشش کرتی ہوں کہ گندم کی قیمت نہ بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں پنجاب کا جب تک آخری شہری اپنے گھر میں آباد نہیں ہوجاتا مریم نواز شریف چین سے نہیں بیٹھے گی۔پنجاب بھر میں جو سیلاب سے متاثرہ لوگ ہیں جن کے گھر گر گئے ہیں ان کو 10 لاکھ اور جن کے گھر کا کچھ حصہ گرا ہے ان کو ہم 5 لاکھ دے رہے ہیں۔تاریخ میں اتنا بڑا پیکج نہیں ملا، 900 جانور سیلاب میں بہہ گئے ہیں جس کا کوئی جانور سیلاب میں بہہ گیا ہے اس کو بڑے جانور کا 5 لاکھ اور چھوٹے جانور جیسے بھیڑ بکری کیلئے 50 ہزار دے رہے ہیں۔ان شاءاللہ تعالیٰ دو ہفتوں کے اندر چیک ملنا شروع ہو جائیں گے۔




