لاہور: (حافظ نعیم سے ) دریائے ستلج میں ایک بڑا سیلابی ریلہ جلالپور کی طرف بڑھنے لگا ، لودھراں اور بہاولپور کے قریبی دیہات کے لیے خطرہ ب۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پرسینئر وزیر مریم اورنگ زیب موقع پر پہنچ گئیں ۔
سینئیر وزیرمریم اورنگ زیب نے جلال پور پیر والا کا دورہ کیا ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی کے ہمراہ شہر اور موٹر وے سائیٹ کا معائنہ کیا۔ ہنگامی اجلاس میں پانی کی سطح، موٹر وے کی صورتحال اور ریسکیو و ریلیف آپریشن پر تفصیلی بریفنگ لی۔ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں وزراء کی ٹیم ٹینٹ، مویشیوں کا ونڈہ، راشن اور صاف پانی لے کر عظمت پور، بیٹ ملاں والی، بستی کنڈرالہ، کوٹلہ آگر، بیٹ نور والا، لال وآلہ، ٹبہ برڑا اور بیٹ چنہ پہنچی، سیلاب متاثرین کیلئے فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی قائم، جہاں راشن، صاف پانی اور مویشیوں کا ونڈہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف دریائے سندھ پر سکھر بیراج میں تاحال اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گڈو بیراج میں پانی کی سطح کم ہو کر درمیانے درجے پر آگئی ہے، دریائے چناب میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے۔
سکھر بیراج پر اخراج تقریباً 5 لاکھ 10 ہزار کیوسک اور گڈو بیراج پر 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کیا گیا، دونوں جگہوں پر پانی کی روانی مستحکم ہے، کوٹری بیراج میں اس وقت کم درجے کا سیلاب ہے جہاں سے تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔
پنجاب میں دریائے ستلج کے مقام گنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے کا سب سے زیادہ سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملتان کی ضلع انتظامیہ کے ترجمان وسیم یوسف نے کہا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے، تاہم دریائے ستلج میں ایک بڑا سیلابی ریلہ جلالپور کی طرف بڑھ رہا ہے جو لودھراں اور بہاولپور کے قریبی دیہات کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔


