اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران انڈا مار دیا گیا، پولیس نے انڈہ مارنے والی دونوں خواتین کو حراست میں لے لیا۔
ق بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو انڈا مارنے کا واقعہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے قریب داہگل کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیش آیا، واقعے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور علیمہ خان میڈیا سے گفتگو ملتوی کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ گئیں۔
انڈا مارنے والے خواتین بھی واقعے کے فوری بعد فرار ہوکر اپنی گاڑی میں جابیٹھیں تاہم پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے مکے برسا کر گاڑی کی اسکرین توڑ دی۔
پولیس کے مطابق انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، ان کا نام خدیجہ اور سندس بتایا جاتا ہے کے پی سے آل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے افراد اپنے مطالبات کے سلسلہ میں احتجاج کرنے روالپنڈی آئے تھے۔
پولیس کے مطابق خواتین نے سوالات کے جواب نہ دینے پر علیمہ خان پر انڈا پھینکا، پولیس نے دونوں خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کردیا، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
قبل ازیں صحافی طیب بلوچ بھی علیمہ خان سے مسلسل اور تابڑ توڑ سوالات کرتے رہے طیب بلوچ کا کہنا تھاکہ میڈم میں نے آپ سے سوال کیا اور میرے خلاف ٹرولنگ شروع ہو گئی، مجھے تھریٹ کیا گیا، آپ کی بہن نورین نیازی نے کارکنوں کو میرے سامنے کہا کہ اِس کی طبیعت ٹھیک کریں، آپ کے بھائی بھی ایسا کرتے تھے،جس پر سیمابیہ طاہر نے ان سے کہا کہ یہ ہراسمنٹ ہے ۔ یادرہے ایک روز قبل بھی طیب بلوچ نے علیمہ خان سے ان کی نیو جرسی والی جائیداد کے حوالے سے سوال پوچھا تھا۔

