اسلام آباد :صحافی ارشد شریف شہید کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے متعلق دائر کی گئی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ارشد شریف شہیدکیس کی تحقیقات کے لئے سینئر اینکر پرسن حامد میر، جوڈیشل ایکٹوزم کے اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور ارشد شریف شہید کی اہلیہ جویریہ ارشد کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواستیں کل بروز منگل 26 اگست جنسٹس راجہ انعام امین منہاس کی عدالت میں سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہیں ۔
یادرہے اس سےقبل سابق چیف جسٹس عامر فاروق نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ اس ہائی پروفائل کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں ایک آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔
رجسٹرار آفس نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی تینوں درخواستیں کل مقرر کردیں۔
واضح رہے کہ ارشد شریف کو گزشتہ برس کینیا میں فائرنگ کے واقعہ میں شہید کر دیا گیا تھا، اور ان کی موت کے بعد سے انکوائری اور تحقیقات کا معاملہ زیرِ بحث رہا ہے۔ ان درخواستوں کی سماعت کیس کی آئندہ پیش رفت کا تعین کرے گی۔

