لاہور (رانا افضل رزاق ایڈووکیٹ کی رپورٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچوں کی فحش تصاویر و ویڈیوز شیئر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی امریکی ادارے این سی ایم ای سی (NCMEC) کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر نمبر 202/2025 این سی سی آئی اے لاہور میں درج کی گئی، جس کے تحت ملزم میاں مومن احمد ولد میاں خالد احمد کو لاہور کینٹ کے علاقے کوہ نور ہاؤسنگ اسکیم میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا
اسنیپ چیٹ اور ای میل کے ذریعے مواد شیئر کیا گیا
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے اپنا اسنیپ چیٹ اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے کمسن بچوں کا فحش مواد شیئر کیا۔ دورانِ چھاپہ ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے لیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں فحش تصاویر، ویڈیوز اور چیٹ ریکارڈ موجود تھا۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنا جرم تسلیم کرلیا۔ چھاپے کے دوران برآمد موبائل فون اور سم کارڈ کو فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کارروائی پیکا 2016 کی دفعہ 22 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ مزید تحقیقات سب انسپکٹر شفقات احسان کے سپرد کر دی گئی ہیں، جو شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف چالان مرتب کریں گے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کمسن بچوں سے متعلق فحش مواد کی تیاری اور ترسیل نہایت سنگین جرم ہے، اور اس میں ملوث افراد کو سخت ترین قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا تاکہ دیگر عناصر کو بھی باز رکھا جاسکے۔
یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ادارے عالمی سطح پر سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے سرگرم ہیں اور بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

