اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کے طیارے گرانے کے ثبوت اور ویڈیوز موجود ہیں۔
ان کا یہ بیان پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اہم اضافہ ہے۔ انہوں نے یہ بات حال ہی میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔
محسن نقوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے طیارے گرائے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دفاعی تھی اور پاکستان نے صرف اپنی سرزمین کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے صرف بھارت کے جہاز گرانے کے ثبوت اور ویڈیوز محفوظ کر رکھے ہیں، تاکہ دنیا کو حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے۔”ان کے اس بیان پر بھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنگ کے دنوں میں انٹیلی جنس اداروں کا کردار فیصلہ کن رہا اور اس دوران پاکستان کی مسلح افواج نے انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔
ہم نے ریڈار پر انڈین طیاروں کو گرتے دیکھا لیکن فیصلہ کیا کہ جب تک ثبوت ہاتھ نہیں آتا اس اعلان نہیں کریں گے۔‘انہوں نے بتایا کہ انڈیا کی تمام منصوبہ بندی پاکستان کو پہلے سے معلوم تھی۔’انڈیا نے ہماری ایک ایئر بیس پر سات میزائل فائر کیے لیکن کوئی بھی اندرنہیں گرا۔ جس بیس پر قیمتی اثاثے موجود نہیں تھے، صرف اسی پر حملہ ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نور خان ایئر بیس پر حملے کے باوجود کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ صرف ایک بیس پر ہمارے جوان شہید ہوئے لیکن اس کے باوجود ہماری فورسز نے انڈیا کے خلاف تمام اہداف حاصل کیے اور ہم نے جنگ کے دوران کبھی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا۔

