واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کہ سونے پر کوئی ٹیرف نہیں ہوگا عالمی اور گھریلو سونے کی قیمتوں میں مسلسل جاری تیزی کو اچانک بریک لگا دی۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد عالمی سطح پر گولڈ فیوچرز کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی، جس کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی ہوا ہے۔منگل کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 58 ہزار 800 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 58 ہزار 300 روپے پر آگئی۔
24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت بھی 429 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 7 ہزار 613 روپے سے 3 لاکھ 7 ہزار 184 روپے ہو گئی جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 393 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 81 ہزار 988 روپے سے 2 لاکھ 81 ہزار 595 روپے رہ گئی۔
چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت میں کوئی رد و بدل نہ ہوا اور یہ بالترتیب 4 ہزار 13 روپے اور 3 ہزار 440 روپے پر برقرار رہی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5 ڈالر کمی کے ساتھ 3 ہزار 361 ڈالر سے 3 ہزار 356 ڈالر فی اونس ہو گئی جبکہ چاندی کی قیمت 37.80 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی۔
کاروباری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید دباؤ میں آ سکتی ہیں۔ تاہم، کچھ ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ طویل مدتی رجحان میں سونا اب بھی سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ رہے گا، خاص طور پر جغرافیائی تناؤ یا مالیاتی غیر یقینی کے حالات میں۔

