ویب ڈیسک :انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس سے صارفین گھن چکر بن کررہ گئے ہیں انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے دو نئے فیچرز لانچ کیے ہیں، جن میں سے ایک ’فرینڈز ٹیب‘ اور دوسرا ’لوکیشن میپ‘ ہے۔ ان فیچرز کا مقصد دوستوں کے درمیان بہتر تعلق قائم کرنا اور انہیں ایک دوسرے سے جوڑنا ہے۔ تاہم صارفین کی اکثریت اپنی پرائیویسی کے پیش نظر ان فیچرز سے خوش نہیں کیونکہ اب وہ لائیک کرنے کو چھپا نہیں سکیں گے۔
فرینڈز ٹیب: دوستوں کی پسندیدہ رِیلز ایک جگہ
انسٹاگرام کے نئے ’فرینڈز ٹیب‘ فیچر کی مدد سے صارفین اب اپنے فالوورز کی پسند کی ہوئی رِیلز ایک ہی جگہ دیکھ سکتے ہیں۔ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو ان کے قریبی دوستوں سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اجنبیوں کی ویڈیوز کے بجائے اپنے دوستوں کی پسندیدہ ویڈیوز دیکھنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو اپنے دوستوں کے ذوق اور دلچسپی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ ایک ہی قسم کا مواد شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
لوکیشن میپ: دوستوں کے ساتھ سفر کو آسان بنائیں
انسٹاگرام نے ایک نیا ’لوکیشن میپ‘ بھی متعارف کرایا ہے، جو کہ اسنیپ چیٹ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صارفین کو اپنے دوستوں کے ساتھ اپنا لائیو لوکیشن شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ یہ فیچر مکمل طور پر آپشنل ہے، یعنی صارفین اسے اپنی مرضی سے آن یا آف کر سکتے ہیں۔
یہ فیچر دوستوں کے ساتھ میٹنگ کرنے، کسی تقریب میں ایک دوسرے کو تلاش کرنے، یا سفر کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہنے میں مدد دے سکتا ہے۔ تاہم، صارفین کو اپنی پرائیویسی اور سیکیورٹی کا خیال رکھنا چاہیے اور صرف اپنے قریبی اور قابل اعتماد دوستوں کے ساتھ ہی اپنی لوکیشن شیئر کرنی چاہیے۔
ان نئے فیچرز سے صارفین کو انسٹاگرام پر ایک نیا اور بہتر تجربہ ملے گا اور وہ اپنے دوستوں کے ساتھ اور بھی زیادہ قریب محسوس کر سکیں گے۔

