اسلام آباد:قومی اسمبلی نے غزہ پر اسرائیل کے طویل المدتی قبضے کے منصوبے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔
یادرہے حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم کے بیانات سامنے آئے کہ اسرائیل کی کابینہ غزہ پر مکمل فوجی قبضے کی منظوری دے سکتی ہے۔ جس پر قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی کو معطل کرکےاسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے خلاف ایک مذمتی قرار داد منظور کی گئی۔
قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایواناسرائیلی حکام کے ان حالیہ بیانات اور اقدامات کی سخت مذمت کرتا ہے جن میں غزہ پر طویل المدتی قبضے، اس کے باشندوں کی جبری بے دخلی اور اس علاقے کی فلسطینی شناخت کو مٹانے کے عزائم ظاہر کیے گئے ہیں۔
ایوان فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، عزت اور انصاف کے لیے جاری جائز جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی تاریخی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
جبکہ ایوان غزہ کی پٹی میں جاری اور بڑھتی ہوئی اسرائیلی فوجی جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کا بڑے پیمانے پر قتلِ عام، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی، اور ایک سنگین انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔
 
		
 
									 
					