لاہور(خصوصی رپورٹ )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، تمام ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے، جہاں وہ اڈیالہ جیل کے باہر مرکزی احتجاج میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکانِ صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے۔ مرکزی قیادت نے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ احتجاج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا، جس کی نگرانی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔
مزید بتایا گیا کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ذمہ داران نے احتجاجی شیڈول اعلیٰ قیادت کو پہنچا دیا ہے، جبکہ تمام ٹکٹ ہولڈرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ صوبوں کے صدور اور کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران قیادت سے رابطے میں رہیں۔

