لندن :برطانیہ میں جاری سابق کھلاڑیوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ ’ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز‘ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈیا کی جانب سے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کرنے سے انکار کے بعد پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کا میچ 31 جولائی کو کھیلا جانا تھا لیکن بدھ کو انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کے انکار کے بعد پاکستان سے اس کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے اور پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہو گا جو آج ہی جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا۔
برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے میچ کی منسوخی کے بعد شائقین کو ٹکٹ کی 50 فیصد رقم واپس کی جائے گی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا موقع ہے کہ انڈین ٹیم نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے انڈیا کے بعض کھلاڑیوں کے پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے انکار کے بعد 20 جولائی کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کو بھی منسوخ کر دیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

