وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزارتِ خارجہ، حکومتِ بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے تفصیلی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر زائرین کو زمینی راستے سے عراق اور ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایکس پر یہ اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ مشکل فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محسن نقوی نے مزید کہا کہ زائرین فضائی ذریعے سے اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زائرین کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ پروازوں کا بندوبست کیا جائے۔
دوسری طرف شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر میثمی نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے زمینی راستے سے زیارت پر جانے پر پابندی کے اعلان کے بعد جاری بیان میں کہا کہ ہم وزارت داخلہ سے رابطے میں ہیں عوام صبر کریں حوصلہ رکھیں زائرین کے حق میں بہتر فیصلہ کو آگے بڑھائیں گے۔

