ویب ڈیسک (بے نقاب نیوز)
بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور معروف یوٹیوبر سمے رینہ (Samay Raina) نے عالمی سطح پر یوٹیوب کی تاریخ کا ایک نیا اور منفرد ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ سمے رینہ دنیا کے پہلے ایسے یوٹیوب کری ایٹر بن گئے ہیں جن کے چینل پر 10 لاکھ (1 ملین) بامعاوضہ (Paid) ممبرز مکمل ہو گئے ہیں۔ اس شاندار سنگِ میل کے ساتھ انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (MrBeast) اور بھارت کے ٹاپ کری ایٹر کیری مناٹی (CarryMinati) جیسے بڑے ناموں کو بھی اس میدان میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یوٹیوب اور گوگل انڈیا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں اس تاریخی کامیابی کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔ عام سبسکرائبرز (جو مفت ہوتے ہیں) کے برعکس، پیڈ ممبرشپ کے لیے ناظرین کو خصوصی مواد دیکھنے کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔ سمے رینہ کے چینل کے مجموعی سبسکرائبرز کی تعداد 1 کروڑ 24 لاکھ سے زائد ہے، تاہم 10 لاکھ مداحوں کا ماہانہ فیس دے کر ان کے چینل سے جڑنا ڈیجیٹل دنیا میں مداحوں کی غیر معمولی وابستگی کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔


