اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے گندم درآمد کرنے کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
ای سی سی کا ہنگامی اجلاس اور اہم فیصلے
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا ہنگامی ورچوئل اجلاس غذائی سال 2026-27 کے لیے منعقد ہوا، جس میں ملکی غذائی تحفظ اور گندم کی دستیابی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ای سی سی کی اس منظوری کو حتمی توثیق کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں کی نظرِ ثانی شدہ ضروریات کے مطابق مجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے:پنجاب: 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی طلبسندھ: 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی طلبخیبرپختونخوا: 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی طلببلوچستان: صوبے کی ضروریات پاسکو (PASSCO) کے پاس موجود ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔ای سی سی نے وزارتِ بحری امور اور متعلقہ پورٹ حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ گندم لے کر آنے والے بحری جہازوں کو بندرگاہوں پر ترجیحی بنیادوں پر لنگر انداز (برتھنگ) ہونے کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ جہازوں کے انتظار، ترسیل میں تاخیر اور اضافی ڈیمرج اخراجات سے بچا جا سکے۔اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گندم درآمد کی حد بڑھانے کا مقصد مارکیٹ کو واضح پیغام دینا، مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کرنا اور عام صارفین کو آٹے کی غیر ضروری مہنگائی سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔


