مسقط (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے ابھرتے ہوئے کیوئسٹ رانا عرفان (تعلق ملتان) نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلے گئے ورلڈ کپ آف اسنوکر کے فائنل میں ہم وطن اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
جمعرات کو ایکٹیو عمان اسپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ ہب میں کھیلے گئے آل پاکستان فائنل میں رانا عرفان شروع سے ہی حاوی رہے اور محمد آصف کو ایک بھی فریم جیتنے کا موقع نہ دیا۔ رانا عرفان نے پہلے فریم میں 56 پوائنٹس کے بریک کی مدد سے 46-96 سے کامیابی سمیٹی اور دوسرے فریم میں 48-67 کے اسکور سے برتری دوگنی کر لی۔
تیسرے فریم میں رانا عرفان نے 1-64 سے باآسانی فتح حاصل کی، جس کے بعد چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کے شاندار بریک کے ساتھ 12-91 سے جیت کر مقابلے کو فیصلہ کن مرحلے تک پہنچایا۔ پانچواں اور آخری فریم 6-69 سے جیت کر رانا عرفان نے کلین سوئپ مکمل کیا اور عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ورلڈ کپ آف اسنوکر میں پاکستانی کیوئسٹس کی مجموعی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ سیمی فائنل کی چار میں سے تین نشستوں پر پاکستانی کھلاڑی قابض رہے۔ ٹورنامنٹ کے تینوں میڈلز پاکستان کے حصے میں آئے، جہاں رانا عرفان نے گولڈ، محمد آصف نے سلور اور اسجد اقبال نے برانز میڈل جیتا۔ انفرادی مقابلوں میں اس شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی اسکواڈ اب ورلڈ کپ کے ٹیم ایونٹ میں بھی ایکشن میں نظر آئے گا۔


