پسرور (محمد اشفاق سے)

ایس ایچ او تھانہ بڈیانہ عرفان ڈھلو کی خصوصی کاوش اور بروقت حکمتِ عملی کے نتیجے میں دو برادریوں کے درمیان جاری دس سالہ پرانی دشمنی کا خاتمہ ہو گیا اور فریقین کے مابین صلح کروا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پسرور کے گاؤں ناکھے میں دو برادریوں کے درمیان تقریباً دس سال قبل بچوں کے مسجد جاتے ہوئے جھگڑے سے رنجش کا آغاز ہوا تھا، جو وقت کے ساتھ شدت اختیار کر گئی۔ حالیہ دنوں میں شادی کی ایک تقریب کے موقع پر بھی دونوں فریقین کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا، جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔
صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بڈیانہ عرفان ڈھلو نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے بروقت مداخلت کی اور دونوں برادریوں کے درمیان خوش اسلوبی سے صلح کروا دی، جس کے باعث علاقہ ایک بڑے ممکنہ سانحے سے بچ گیا۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے ایس ایچ او عرفان ڈھلو کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فرض شناس پولیس افسران صرف قانون نافذ ہی نہیں کرتے بلکہ معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


