نئی دہلی (بے نقاب نیوز)
بھارتی اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے یومِ آئین کے موقع پر کہا ہے کہ بھارت کا آئین محض ایک کتاب نہیں بلکہ ملک کی روح اور ناانصافی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (X) پر جاری اپنے پیغام میں لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ آئین بھارتی جمہوریت کی بنیاد ہے جو ہر شہری کے وقار، حقوق، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا تحفظ یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر حال میں آئین کا دفاع کریں گے اور ہر بھارتی شہری کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بھی یومِ آئین پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سماجی جمہوریت کے بغیر سیاسی جمہوریت برقرار نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے ملک کے اتحاد، سالمیت اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے آئینی اقدار کے تحفظ کو سب سے بڑی قومی ذمہ داری قرار دیا۔


