خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے میلہ اسٹیڈیم جوہرآباد میں منعقدہ خوشاب چیمپئن شپ نیزہ بازی کی پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ نیزہ بازی کے ان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں میں پنجاب بھر سے 80 ٹیموں نے حصہ لے کر اپنی مہارت کے جوہر دکھائے۔تقریب میں ممبرانِ پنجاب اسمبلی ملک محمد آصف بھاء، صفدر ساہی، ملک احمد سعید، عارف گل، نور الامین وٹو، شہباز کھوکھر، چودھری شیر علی، ملک منصور افسر اور ملک افتخار کے علاوہ سابق سینیٹر غوث محمد خان نیازی، خاور حیات اور محمد عاطف حسنین سمیت دیگر معززینِ علاقہ، اہلِ علاقہ اور شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور روایتی کھیل ہماری تاریخ اور تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کے روایتی کھیلوں، میلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔


