نواب شاہ (بیورو رپورٹ: نفیس آرائیں)

تھانہ اے سیکشن پولیس نے گزشتہ شب معمول کے گشت کے دوران تاج کالونی قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو خسار علی ملاح کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی (بغیر نمبر) پستول بمعہ میگزین برآمد ہوا ہے، جبکہ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر تھانہ اے سیکشن کے مقدمہ نمبر 383/2026 (بجرم دفعہ 392 تعزیراتِ پاکستان) میں چھینی گئی ہونڈا سی ڈی 70 موٹر سائیکل (ماڈل 2015، رجسٹریشن نمبر NHK-7000) بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی (سول) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تھانہ اے سیکشن میں اقدامِ قتل، پولیس پر حملے، ڈکیتی کی تیاری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت تین مقدمات درج ہیں۔ فرار ہونے والے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔


